سیکورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو رائیگاں نہ جانے دیا جائے، سکندر حیات شیرپاؤ

August 05, 2021

پشاور( جنگ نیوز )قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے 4اگست یوم شہدا کے موقع پر سیکورٹی اہلکاروں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم اپنے تمام شہداء کو خراج عقیدت اور بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے چوک یادگار پشاور سٹی میں قومی وطن پارٹی سٹی ڈسٹرکٹ پشاورکی طرف سے یوم شہداء کے حوالے منعقدہ کیمپ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ملک بھر کے سیکورٹی اہلکاروں کی تاریخی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ سیکورٹی صورتحال پر کڑی نظر رکھے کیونکہ امن و امان کی صورتحال ایک مرتبہ پھر خراب ہونے کی طرف بڑھ رہی ہے،صوبہ میں سیکورٹی اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ملک میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سیکورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو رائیگاں نہ جانے دیا جائے کیونکہ انھوں نے اس دھرتی پر امن کے قیام اور عوام کی حفاظت کے خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اپنی خون سے ملک میں امن کے قیام کی آبیاری کی۔اس موقع پر پارٹی کے مرکزی جائنٹ سیکرٹری ہاشم رضا ایڈووکیٹ،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فاروق افضل،سٹی ڈسٹرکٹ پشاور کے چیئرمین ملک عدیل اعوان،سینئر وائس چیئرمین سید صابر شاہ،انفارمیشن سیکرٹری خالد باغی،ملک عثمان،ضلع پشاورکے چیئرمین ملک سلیم چمکنی،جنرل سیکرٹری حاجی فخر زمان اور وائس چیئرمین ملک کامران بھی موجود تھے۔