مکہ مکرمہ اپیل کورٹ نے الحرم کرین مقدمےکاحتمی فیصلہ جاری کردیا

August 05, 2021

مکہ مکرمہ اپیل کورٹ نے الحرم کرین مقدمےکا حتمی فیصلہ جاری کردیا جس میں بن لادن گروپ کو الزام سے بری کردیا گیا ہے۔

سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ حرم کرین گرنے کے سلسلے میں بن لادن گروپ کی کوئی کوتاہی ثابت نہیں ہوئی- بن لادن گروپ کو الزام سے بری کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل مکہ مکرمہ میں فوجداری عدالت نے سانحہ حرم کرین کے حوالے فیصلہ جاری کرتے ہوئے 13 ملزمان کو الزامات سے بری کر دیا تھا ۔

سعودی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ بری کیے جانے کے فیصلے میں ’بن لادن‘ گروپ بھی شامل ہے، فوجداری عدالت کی جانب سے جاری کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزمان پر فرد جرم ثابت نہیں ہوئی۔

کیس اپیل کورٹ کو ارسال کر دیا گیا تھا جہاں اس پر مزید بحث کے بعد آج فیصلہ صادر کیا گیا۔

یاد رہے 11 ستمبر 2015 کی شام سانحہ حرم کرین پیش آیا تھا جس میں 108 سے زائد افراد جاں بحق اور 238 زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد سانحہ حرم کرین کی وسیع پیمانے پر تحقیقات کا حکم صادر کیا گیا تھا۔