بھارت کے ظالمانہ اقدامات، 5 اگست کشمیری مسلمانوں کیلئے سیاہ ترین دن

August 09, 2021

ڈگری(نامہ نگار )بھارت کے ظالمانہ اقدام کے سبب 5 اگست کشمیری مسلمانوں کیلئے سیاہ ترین دن ثابت ہوا ہے ۔عالمی طاقتوں کی شہہ پر دستور ہند کی دفعات 370اور 35A میں ترمیم کر کے کشمیر کی خصوصی اہمیت ختم کی. دستور ہند کی یہ دفعات جموں وکشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کرتی ہیں. پاکستان کی عوام کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کرتی ہے . برہان وانی سمیت ہزاروں شہداء کا خون جدوجہد آزادی کشمیر کی کامیابی و آزادی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا .ان خیالات کا اظہار امیرجماعت اسلامی حاجی نورالہی مغل نے کشمیر پر 5اگست کے بھارتی ظالمانہ اقدام کے دوسال ہونے پر "جنگ" سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔حاجی نورالہی مغل نے کہا کہ طاقت کے نشے میں بدمست بھارت کے اس ظالمانہ اور آمرانہ اقدام اور کشمیریوں کے ہر طرح کے بنیادی انسانی حقوق کو گذشتہ 700دنوں سے معطل کرنے پر عالمی طاقتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی پراسرار خاموشی نے دنیا بھر کی حریت کی تمام تحریکوں کو مایوس کیا ہے ۔ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہونے کو ہے. بھارت بدترین ریاستی تشدد کے باوجود کشمیری ماؤں بہنوں بزرگوں اور جوانوں کا فولادی عزم استقامت کا کوہ گراں ثابت ہو چکا ہے۔