ٹاک ٹاکر سے ہراسانی جیسے واقعے میں سزا عمر قید یا موت ہے: فیاض چوہان

August 20, 2021

پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ مینارِ پاکستان لاہور کے گریٹر اقبال پارک پر ٹاک ٹاکر خاتون عائشہ اکرم کو ہراساں کیئے جانے جیسے واقعے کے مرتکب افراد کے لیے تعزیرات پاکستان کی دفعہ 354 اے میں سزا عمر قید یا موت ہے۔

یہ بات میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے کہی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ گریٹر اقبال پارک واقعے میں متعدد ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نادرا اور فرانزک ایجنسی کی مدد سے دیگر ملزمان کو ٹریس کیا جا رہا ہے۔

پنجاب حکومت کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ایسے کیسز کو جلد انجام تک پہنچانا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر اس کیس کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جا رہا ہے۔