جیت پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے، بابر اعظم

August 25, 2021

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں فتحپر کہنا ہے کہ جیت پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے، جب بھی جیت ملتی ہے تو بطور کپتان بہت اعتماد ملتا ہے، تمام کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا۔

میچ کے بعد بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے بتایا کہ وکٹ سے مدد نہیں ملی تو فیلڈنگ پوزیشنز بدل کر حریف ٹیم پر دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا، خوشی ہے کہ پہلی اننگز میں جلدی وکٹیں گنوانے کے باوجود فواد عالم کے ساتھ پارٹنرشپ ہمیں میچ میں واپس لائی۔

بابر اعظم کاکہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا، نوجوان فاسٹ باؤلر نے اپنی عمدہ باؤلنگ سے میزبان ٹیم کو بیک فٹ پر ہی رکھا، ہم نے حکمت عملی کے تحت ویسٹ انڈیز کو چوتھے روز 20اوورز کھلائے۔

قومی کپتان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کہتا ہوں فواد عالم بہت تجربہ کار بیٹسمین ہیں، مشکل کنڈیشنز میں انہوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، ڈومیسٹک کرکٹ میں دس ہزار رنز بنانے والے فواد عالم ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، ہمارے ہر بیٹسمین کو فواد عالم سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ شاہین شاہ آفریدی بہت بااعتماد باؤلر ہیں، جب بھی انہیں باؤلنگ کا کہتا ہوں وہ جارحانہ باؤلنگ کرتے ہیں، خوشی ہے کہ شاہین شاہ آفریدی جیسا باؤلر میرے پاس ہے۔