پاکستان پریمیئر لیگ فٹبال کے آر ایل ٹائٹل کے دفاع کیلئے پرعزم

August 31, 2021

پاکستان پریمیئر لیگ فٹ بال کا پہلا رائونڈ ملتان میں کامیابی سے جاری ہے جس کے بعد راولپنڈی، کوئٹہ اور کراچی میں میچز کھیلے جائیں گے۔ خان ریسرچ لیبارٹریز(کے آر ایل) کے ٹیم لیگ میں اپنے ٹائٹل کے دفاع کیلئے پرعزم ہے۔ اس کے کھلاڑیوں کی کوشش ہوگی کہ وہ چھٹی بار ٹائٹل حاصل کریں۔ لیگ کے افتتاحی روز کھیلے جانے والے میچوں میں پاکستان واپڈا نے سوئی سدرن گیس کمپنی کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک صفر سے شکست دی۔ دوسرے میچ میں پاکستان ائیرفورس اور آرمی کے درمیان مقابلہ دلچسپ رہا۔ پہلے ہاف کے 17 ویں منٹ میں پاکستان ایئرفورس نے واحد صمد خان کےگول کی بدولت برتری حاصل کی۔

پاکستان آرمی نے گول برابر کرنے کی کوشش کی لیکن اسے کامیابی نہ ملی۔ 13 ویں قومی فٹ بال لیگ کا شاندار افتتاح رنگا رنگ تقریب سے ہوا۔ ڈپٹی کمشنر ملتان علی شہزاد تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر وزیر اعظم کےمعاون خصوصی سیاسی امور ملک محمد عامرڈوگر، سیکرٹری جنرل پی ایف ایف نوید اکرم، فیڈریشن کے صدر کے پی ایس اوسید شرافت حسین بخاری، اراکین کانگریس فقیر محمد چوہدری (پنجاب)، چوہدری محمد سلیم (اسلام آباد)، حاجی محمد سلیم اور محمد سیلم (بلوچستان)، پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے نائب صدر شیخ محمد اقبال، صدر ڈی ایف اے جاوید قریشی، ڈائریکٹر(مقابلہ جات) ارشد عمر ضیا کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

لیگ کا پہلے مرحلہ ملتان میں اس کے بعد راولپنڈی، کوئٹہ میں میچز ہوں گے اور کراچی میں لیگ کا اختتام ہوگا۔ منیجرز میٹنگ میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل نوید اکرم، ڈائریکٹر (مقابلہ جات) ارشد عمر ضیا، کے آر ایل کے سجاد محمود اور اعجاز بٹ، سوئی سدرن گیس کمپنی کے محمد جاوید، پاکستان ایئر فورس کے محمد پرویز ملک اور احمد مشتاق، پی سی سی اے کے محمد صدیق شیخ، مسلم کلب کے عبدالقدیر، پاکستان نیوی کے نویداحمد، پاکستان واپڈا کے برہان علی اور تنویر احمد چوہدری، سوئی نادرن گیس پائپ لائنز کے خالد خان اور سید محمد رضا یوسف، لائل پور ایف سی کے مرزا ندیم سرور، کراچی یونائیٹڈ کے شیخ ہمایوں اور ہما کلب کے فرید ملک شامل تھے۔ اس موقع پرشرکاء کو لیگ کے قوانین نے آگاہ کیا گیا۔

لیگ میں دفاعی چیمپئن خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل) راولپنڈی کی ٹیم چھٹی بار ٹائٹل کے حصول کیلئے سرگراں ہے۔ اس کے علاوہ دیگر ٹیموں میں پاکستان آرمی، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاکستان ایئر فورس، پی سی سی اے، مسلم کلب چمن، پاکستان نیوی، پاکستان واپڈا، سوئی نادرن گیس پائپ لائنز،لائل پور ایف سی، کراچی یونائیٹڈ اور ہما کلب اسلام آبادشامل ہیں۔