یقین دہانی کے باوجود ایف آئی اے نے اختیارات سے تجاوز کیوں کیا؟، ڈی جی سے رپورٹ طلب

September 02, 2021


اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کے اختیارات سے تجاوز کے کیس میں ڈی جی ایف آئی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے پوچھا کہ یقین دہانی کے باوجود ایف آئی اے نے اختیارات سے تجاوز کیوں کیا؟۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللّٰہ نے 5 صفحات کا حکم نامہ جاری کردیا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی اور اختیارات سے تجاوز پر افسران کے خلاف کیا کارروائی کی گئی؟۔

طلب کی گئی رپورٹ میں پوچھا گیا کہ سیکرٹری داخلہ نے ایف آئی اے کے ایس او پیز سے متعلق عدالتی ہدایات پر کیا کیا؟۔

عدالت نے کہا کہ بادی النظر میں ڈائریکٹر نےافسران کو ایس او پیز کی خلاف ورزی کی اجازت دی، دیگر مقاصد پورے کرنے کے لیے اختیارات سے تجاوز کے تاثر پر آنکھیں بند نہیں کرسکتے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ ایجنسی کو قانونی اقدامات سے اختیارات سے تجاوز اور بد نیتی کا تاثر زائل کرنا چاہیے۔