حیدر علی نے بڑی کامیابی سمیٹی، شاباش ہیرو، حسن علی

September 03, 2021

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے ٹوکیو پیرالمپکس میں پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتنے پر حیدر علی کو شاباشی دے دی۔

حسن علی نے حیدر علی کیلئے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا اور حیدر علی کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی۔

حسن علی نے حیدر علی کو ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے پاکستان کیلئے بہت بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

حسن علی نے کہا کہ حیدر علی نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے، شاباش ہیرو۔

واضح رہے کہ پاکستان کے حیدر علی نے ٹوکیو پیرالمپکس میں تاریخ رقم کردی اور پاکستان کیلئے پیرالمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی بننے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

حیدر علی نے ٹوکیو پیرالمپکس میں مردوں کے ڈسکس تھرو مقابلے میں شرکت کی، حیدرعلی نے پانچویں باری میں 55 اعشاریہ 26 میٹر کی کامیاب تھرو کی۔

حیدر علی کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے ، حیدر علی کی دائیں ٹانگ پیدائشی طور پر بائیں ٹانگ سے دو انچ پتلی اور ایک انچ چھوٹی ہے ، اپنے اس پیدائشی نقص کےباوجود بھی وہ پاکستان نام عالمی سطح پر روشن کرتے دکھائی دیتے ہیں۔