انعام بٹ کا گولڈ میڈل جیتنے کے بعد پیغام

September 04, 2021

قومی ریسلر انعام بٹ نے ورلڈ بیچ سیریز میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ویڈیو پیغام جاری کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں انعام بٹ نے کہا کہ اللّٰہ کے فضل و کرم سے ورلڈ بیچ ریسلنگ میں گولڈ میڈل جیتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میڈل کا کریڈٹ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کو جاتا ہے۔

انعام بٹ نے فائنل میں یوکرائن کے پہلوان یکوشک کو 0-3 سے شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

اس سے قبل سیمی فائنل میں انعام بٹ نے رومانیہ کے پہلوان کو بھی 0-3 سے شکست دی تھی جبکہ کوارٹر فائنل میں ترکی کے ریسلر کو ہرایا تھا۔

انعام بٹ کے والد کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے نے چوتھی بار گولڈ میڈل حاصل کیا ہے، بیٹے نے پاکستان کا نام روشن کیا جس پر فخر ہے۔

وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا نے گولڈ میڈل جیتنے پر ریسلر انعام بٹ کو مبارکباد دی ہے۔

فہمیدہ مرزا کا کہنا ہے کہ پیرالمپکس میں حیدر علی اور ورلڈبیچ ریسلنگ میں انعام بٹ کا چیمپئن بننا خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونان کے ویزے کے لیے انعام بٹ سے ہر ممکن تعاون کریں گے۔