روم میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والے پاکستانی پہلوان یونان پہنچ گئے

September 09, 2021

روم میں اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے بعد پاکستانی ریسلر انعام بٹ دیگر دو ساتھی ریسلرز کے ساتھ یونان پہنچ گئے جہاں وہ ورلڈ بیچ ریسلنگ سیریز کے تیسرے ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے۔

پاکستان کے صف اول کے پہلوان انعام بٹ نے حال ہی میں روم میں ہونے والی بیچ ریسلنگ سیریز کے دوسرے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا تھا۔

اب ان کی نظریں سیریز کے تیسرے ٹورنامنٹ پر ہیں جو یونان میں شروع ہورہی ہے۔

یونان کے شہر پرالیا کے کیٹرینی بیچ پر ہونے والے ایونٹ میں انعام بٹ کے علاوہ عنایت اللّٰہ اور زمان خان بھی شریک ہوں گے۔

کھلاڑی اٹلی سے براہ راست ایتھنز پہنچے ہیں، ایونٹ کی ابتدائی باؤٹس جمعے کو ہوں گی، کوارٹر فائنل اور دیگر مقابلے ہفتے کو کھیلے جائیں گے۔