تِلوں کا استعمال صحت کیلئے کیسا ہے؟

September 10, 2021

اکثر اوقات گھروں میں سفید اور کالے تل صرف میٹھی غذاؤں اور مخصوص پکوانوں میں ہی استعمال کیے جاتے ہیں، یہ اِن کی افادیت سے لا علمی ہی ہے کہ جو ان کا استعمال شاذو نادر ہی کیا جاتا ہے۔

تِل غذائیت اور روغن سے بھرپور غذا ہے، چھوٹے چھوٹے سفید اور کالے رنگ کے بیجوں پر مشتمل تِل زمانہ قدیم سے استعمال کیے جا رہے ہیں جبکہ ان کی تاثیر گرم اور غذائیت گوشت کے برابر قرار دی جاتی ہے، انہیں دوا کا درجہ بھی حاصل ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق ان چھوٹے چھوٹے بیجوںمیں قدرت نے بھر پور صحت کا خزانہ چھپا رکھا ہے، ان کا استعمال خصوصاً خواتین کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے، تِلوں میں متعدد وٹامنز، منرلز، قدرتی روغن اور دیگر اجزاء جیسے کہ کیلشیم، آئرن، میگنیشیم، فاسفورس، میگنیز، کاپر، زنک، فائبر، تھیامن، وٹامن بی6، فولیٹ اور پروٹین پایا جاتا ہے ۔

غذائی ماہرین کے مطابق تِلوںکے استعمال کے نتیجے میں انسان شوگر، بلڈپریشر، کینسر، ہڈیوں کی کمزوری، جلِد کو پہنچنے والے نقصانات، دل کی بیماریوں، منہ کی بیماریوں سے بچ جا تا ہے، اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ اجزاء انسانی جسم سے مضر صحت مادوںکو بھی نکال دیتے ہیں۔

غذائی ماہرین کی جانب سے تلوںکا استعمال تجویز کیا جاتا ہے، تلوںکے استعمال کے نتیجے میں حاصل ہونے والے مزید فوائد مندرجہ ذیل ہیں:

غذائی ماہرین کے مطابق کیلشیم کی کمی کے شکار افراد کے لیے تلوںکا استعمال نہایت مفید ثابت ہوتا ہے، تلوںمیں کیلشیم اور آئرن کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے جو کہ خون کی کمی کو بھی پورا کرتی ہے۔

کالے تل نیم گرم پانی میں بھگو کر گرائنڈ کر کے چھان لیں، اب اس میں دودھ ملا کر پئیں، چند دنوں میں خون کی کمی دور ہو جائے گی۔

تلوںمیں مثبت روغن (تیل) پائے جانے کے سبب اس کے استعمال سے ایڑیاں، ہاتھ اور ہونٹ پھٹنے سے بچ جاتے ہیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق موٹے ہونے کے خواہشمند افراد کو چاہیے کہ تِلوں کو بادام اور خشخاش کے ساتھ ملا کر کھائیں اور بعد میں دودھ پی لیں۔

تلوںکے استعمال سے بال اور ناخنوں کی صحت بہتر ہوتی ہے، تلوں کا تیل فائدہ مند ہے جس میں وٹامن بی اور ای، میگنیشیم، کیلشیم اور فاسفورس پایا جاتا ہے جو بالوں اور سر کی جلد کے لیے ضروری اجزاء ہیں۔

تلوں کے تیل کی معمولی سی مقدار سے سر پر مالش کریں اور 30 منٹ تک کے لیے چھوڑ دیں، اس کے بعد نیم گرم پانی اور شیمپو سے بال دھو لیں،بال گھنے، کالے، لمبے اور مضبوط ہوجائیں گے۔

تلوں کا تیل پولی اَن سیچوریٹڈ اور مونو سیچوریٹڈ فیٹس سے بھرپور ہوتا ہے، اس میں سیچوریٹڈ فیٹس کم ہوتے ہیں جو کہ دل کی صحت اور کولیسٹرول کی سطح کنٹرول میں رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔