امام الحق بھی ’ارطغرل غازی‘ کے مداح نکلے

September 10, 2021

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق بھی شہرۂ آفاق تُرک سیریز ارطغرل غازی کےمداح نکلے، یہاں تک کہ انہوں نے’ارطغرل غازی‘ کو ’کورولش عثمان‘ پر ترجیح دے دی۔

امام الحق نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مداحوں کے لیے سوال جواب کا ایک سیشن رکھا جس میں ان سے ایک مداح نے سوال کیا کہ آپ’ارطغرل غازی‘ اور ’کورولش عثمان‘ میں سے کس کا انتخاب کریں گے؟

جس کے جواب میں انہوں نے لکھا کہ ’وہ ارطغرل کا انتخاب کریں گے۔‘

واضح رہے کہ ’ارطغرل غازی‘ تاریخ کی بہترین سیریز ہونے پر گنیز ورلڈ ریکارڈ کے لیے منتخب ہوئی ہے جس کو دیکھنے والوں کی تعداد 30 لاکھ تک پہنچ چکی ہے اور دنیا کی 39 زبانوں میں اس کا ترجمہ کیا گیا ہے، جو ایک ریکارڈ ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان میں اس سیریز کو سرکاری ٹی وی چینل پر نشر کیا جا رہا ہے، وزیر اعظم عمران خان کے مطابق یہ ڈرامہ ہمارے اسلامی اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔

پاکستان میں اس سیریز کے خوب چرچے رہے، ترک اداکاروں کو پاکستان میں موجود مداحوں کی جانب سے خوب پیار دیا گیا ہے۔

اس سیریز کا سیکوئل ’کورولش عثمان‘ جو کہ ارطغرل غازی کے بیٹے، سلطنتِ عثمانیہ کے بانی عثمان غازی کی زندگی کی حقیقی کہانی پر مبنی ہے، اس وقت اردو زبان میں ڈب کر کے جیو ٹی وی پر بھی نشر کیا جا رہا ہے۔