رمیز راجا ٹیم سلیکشن میں مداخلت نہیں کرسکتے، چیف سلیکٹر محمد وسیم

September 10, 2021

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا ہے کہ رمیز راجا ٹیم سلیکشن میں مداخلت نہیں کرسکتے۔

جیو کے پروگرام اسکور میں گفتگو کے دوران محمدوسیم نے کہا کہ رمیز راجا صرف ٹیم کی منظوری دیتے ہیں، وہ سلیکشن میں مداخلت نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ رمیز راجا سے نئی سلیکشن کمیٹی اور طریقہ کار پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ ایسا کہنے والے درست نہیں کہ بورڈ میں مجھے وسیم اکرم لائے ہیں، جب سے ذمے داری ملی ہے وسیم اکرم سے رابطہ کم ہوگیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ معین خان اور ندیم خان سے اعظم خان کی سلیکشن پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

محمد وسیم نے یہ بھی کہا کہ شاداب خان کی فارم اور فٹنس پر تشویش تھی، ویسٹ انڈیز کے دورے میں اسپنر نے ردھم حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ٹی 20 ورلڈ کپ جیت سکتے ہیں، قومی ٹیم کو ایونٹ کا سیمی فائنل اور فائنل کھیلتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ ضرورت پڑی تو ورلڈ کپ کی ٹیم میں تبدیلیاں کی جاسکتی ہیں، فی الحال ٹیم میں تبدیلی کا سوچا نہیں ہے۔