نوشین شاہ کو کرینہ کپور سے اپنا موازنہ کیوں پسند نہیں؟

September 14, 2021

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نوشین شاہ کو بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور سے اپنا موازنہ کرنا پسند نہیں جس کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرینہ کپور کے دانت بہت بڑے ہیں۔

نوشین شاہ نے ایک ویب شو میں انٹرویو دیتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اُن کے مداح اُن کا موازنہ کرینہ کپور کے ساتھ کرتے ہیں۔

اداکارہ کی اس بات پر شو کے میزبان تابش ہاشمی نے بڑا مضحکہ خیز ردِعمل دیا۔

جواباََ نوشین شاہ نے کہا کہ ’جب انہیں پتا چلا تھا کہ ان کا موازنہ کرینہ کپور کے ساتھ کیا جارہا ہے تو ان کا بھی ایسا ہی ردِ عمل تھا۔‘

جس پر میزبان تابش ہاشمی نے کہا کہ ’نہیں ویسے تھوڑی سی آپ کرینہ کپور کی طرح لگتی بھی ہیں۔‘

نوشین شا ہ نے تابش ہاشمی کی بات سے اختلاف کرتے ہو ئےکہا کہ ’نہیں بھئی! اُس کے بہت بڑے دانت ہیں۔‘

واضح رہے کہ نوشین شاہ نے کچھ عرصہ پہلے اپنی انسٹا اسٹوری پر ایک میم شیئر کی تھی جس میںاُن کاموازنہ اداکارہ کرینہ کپور سے کیا گیا تھا ۔

سوشل میڈیا صارفین نے نوشین شاہ کو کرینہ کپور کی تیسری بہن قرار دے دیا تھا۔