EVM کی تنصیب ڈیجیٹل دھاندلی کا حکومتی منصوبہ، سراج الحق

September 16, 2021

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی تنصیب حکومت کا آئندہ الیکشن میں ڈیجیٹل دھاندلی کا منصوبہ ہے۔ انتخابی اصلاحات کے بغیر پائیدار جمہوریت کاقیام ممکن نہیں تاہم اس کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کا مل بیٹھ کر متفق ہونا بے حد ضروری ہے۔ حکومت نے ریاست مدینہ کا نام لے کر قوم کو دھوکا دیا۔ تمام حکومتی اقدامات وزیراعظم کے دعووں، وعدوں کی مکمل نفی کرتے ہیں۔ ناموس رسالت پر حملے، علما و مدارس اور مساجد حکومت کی ہٹ لسٹ پر ہیں۔جماعت اسلامی ان اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے، حکومت نے اپنی سمت درست نہ کی اورملک کے اسلامی تشخص کو نقصان پہنچانے کی کوششیں جاری رکھیں، تو شدید ردعمل دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ امیرجماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مہم چلائے گی۔ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور ان کے بہتر مستقبل کیلئے بھی ملک بھر میں بیداری مہم کا آغاز ہو گا۔ جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ نے ملک میں حال ہی میں پاس ہونے والے اور زیر غور تمام غیر اسلامی اور غیر شرعی قوانین کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے ان قوانین کو فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ امیر جماعت نے کہا کہ تبدیلی مذہب اور گھریلو تشدد کے نام پر بنائے جانے والے قوانین ملک کی نظریاتی اساس پر حملہ اور کروڑوں مسلمانوں کو کرب اور تکلیف میں مبتلا کرنے کے حکومتی اقدامات ہیں۔