سابق شوہر نے برٹنی سپیئرز اور سام اصغری کی منگنی کو جعلی قرار دیدیا

September 17, 2021

لاس اینجلس(مانیٹرنگ ڈیسک)حال ہی میں 39 سالہ امریکی گلوکارہ و اداکارہ برٹنی سپیئرز نے اپنے دیرینہ ایرانی نژاد دوست سام اصغری کے ساتھ منگنی کر لی تھی، جس پر اب ان کے سابق شوہر جیسن الیگزینڈر کا موقف بھی سامنے آ گیا ہے اور انہوں نے اس منگنی کو جعلی قرار دے دیا ہے۔ میڈیا کے مطابق برٹنی سپیئرز نے خود سے 12سال چھوٹے سام اصغری کے ساتھ منگنی کا اعلان 13ستمبر کو کیا۔ انہوں نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ،جس میں انہوں نے 70ہزار ڈالر مالیت کی4قیراط ہیرے کی انگوٹھی پہن رکھی ہے۔سام اصغری فٹنس ٹرینر اور اداکار ہیں اور برٹنی کے ساتھ ان کی پرانی دوستی ہے۔ وہ برٹنی کی اپنے والد کی گارڈین شپ سے نجات کے لیے بھی سرگرم عمل تھے۔13ستمبر کو انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی منگنی کا اعلان کیے جانے کے بعد گزشتہ روز ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہی ختم ہو گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کے سابق شوہر الیگزینڈر کی طرف سے یہ بیان بھی سامنے آ گیا ہے کہ سام اصغری کے ساتھ برٹنی کی منگنی جعلی ہے۔ 39سالہ الیگزینڈر کا کہنا ہے کہ ”اگر اس کی سام کے ساتھ منگنی کی بات درست بھی ہے، تو بھی میں اسے تمام عمر کے لیے محبت کرتا رہوں گا۔رپورٹ کے مطابق الیگزینڈر اور برٹنی کی شادی 2004ءمیں ہوئی تھی جو محض 55گھنٹے کے لیے برقرار رہی اور پھر ان کی طلاق ہو گئی تھی۔ ان دونوں نے لاس ویگاس میں بھاگ کر شادی کی تھی تاہم بعد ازاں برٹنی سپیئرز کی ٹیم کے دباؤ کے پیش نظر انہیں طلاق لینی پڑ گئی تھی۔برٹنی نے اپنے والد کی گارڈین شپ کی وجہ سے ہی اب تک شادی نہیں کی تھی، کہا جا رہا ہے کہ گارڈین شپ ختم ہوتے ہی برٹنی اور سام شادی بھی کر لیں گے۔