افغانستان پر پاکستان کیساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، امریکا

September 17, 2021

اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) امریکی و زارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نےکہاہےکہ واشنگٹن پاکستانی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہے، پاکستان نے افغانستان میں ایسی حکومت کے قیام کی تسلسل کیساتھ حمایت کی ہے جس میں تمام فریق شامل ہوں اور جس کو وسیع پیمانے پر عوامی حمایت حاصل ہو۔

انسانی حقوق اور انسداد دہشتگردی اور ماضی کے ثمرات کے تحفظ سے متعلق خدشات پر مشترکہ ترجیحات اس امر کی متقاضی ہیں کہ ہم سب ایک ہی سمت میں گامزن ہوں، امیدہےپاکستان اور دیگر ممالک افغان عوام کی مدد کیلئے اقدامات تیزکرینگے۔

میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں امریکی ترجمان نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات کے پس منظر میں ہم پاکستانی حکام اور پاکستانی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ہم نےافغانستان کی صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا ہے۔

ترجمان نے گزشتہ ہفتے جرمنی میں ہونے والے وزارتی سطح کے ورچوئل اجلاس کا حوالہ دیا جس میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شرکت کی تھی ۔

انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر اس بات پر اتفاق ہوا کہ افغانستان میں گزشتہ 20 سال کے دوران حاصل ہونے والے ثمرات ، خاص طور پر خواتین، لڑکیوں اور اقلیتوں کے حوالے سے کامیابیوں کا تحفظ سب کے مفاد میں ہے۔

اس کیساتھ ساتھ افغان عوام کے مصائب میں کمی بھی سب کے مفاد میں ہے۔یہ پاکستان کیساتھ ساتھ ان ممالک کے بھی مفاد میں ہے جو افغانستان سے نسبتاً زیادہ فاصلے پر واقع ہیں۔

ترجمان نے امریکی وزیر خارجہ کے گزشتہ روز کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ امیدہے کہ پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک اپنے وعدو ں کے مطابق افغان عوام کی مدد کیلئے اقدامات میں تیز ی لائیں گے اور نہ صرف ہمارے بلکہ عالمی برادری کیساتھ مل کر تعمیری انداز میں مشترکہ ترجیحات کے مطابق کام کریں گے۔

جن میں انسانی حقوق سے متعلق تشویش ، گزشتہ بیس سال میں حاصل ہونے والے ثمرات کے تحفظ اور انسداد دہشتگردی کے حوالے سے خدشات شامل ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہم سب ایک ہی سمت میں گامزن ہیں۔