کوونٹری :مفادات سے بالاتر ہوکر کمیونٹی کی خدمت کی جائے، مختلف رہنما

September 18, 2021

کوونٹری ( وقار ملک) کوونٹری کی معروف شخصیت حاجی مبارک کیانی نے اپنے 30سالہ پرانے دوستوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ حاجی مبارک کیانی اس موقع پر اپنے دوستوں کے کارناموں اور صلاحیتوں سے متعلق بتاتے ہوئے آبدیدہ بھی ہوئے۔ تیس سالہ بچھڑے دوست راجہ مسعود خان برمنگھم اور چوہدری عامر وحید وولسل کے اعزاز میں دی گئی ضیافت نے شرکاء محفل کو ہشاش بشاش بنا دیا اور کورونا وائرس میں گھروں میں بیٹھے بوریت کے شکار افراد کو متحرک اور خوش کر دیا ،اس موقع پر خوب پرانی باتیں کی گئیں ۔مہمان خصوصی چوہدری عامر وحید نے بتایا کہ پاکستان آزاد کشمیر میں کالج کے دور سے سیاست کا آغاز کیا تو دنیا کو سمجھنے کا موقع ملا اور برطانیہ آمد کے بعد اسی تجربے سے اپنے اور اپنے ملک کے لیے جدوجہد کی ،کمیونٹی کے لیے فلاح و بہبود کے کام کیے۔، آج وولسل کی کمیونٹی کے لیے جہاں قبرستان کا قیام عمل میں لایا گیا، وہاں نوجوان نسل اور کمیونٹی کی تعمیر و ترقی کے لیے بھی کام کیا ،انھوں نے کہا کہ ہمارا مستقبل نوجوان نسل ہے وہ ہی مستقبل کے معمار ہیں۔ ان پر اعتماد کریں انھیں تعلیم کی طرف متوجہ کریں تاکہ ہم اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کر سکیں۔ مقامی سیاست میں حصہ لیں، انھوں نے کہا کہ ہمیں اپنے کردار سے اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کرنا ہو گا، راجہ مسعود خان آف برمنگھم نے کہا کہ ایک اچھا دوست آپ کا بہترین مدد گار اور فرشتہ ثابت ہو سکتا ہے، دوست کی قدر کیجئے تاکہ دنیا میں کوئی آپ کا سچا ساتھی ہو ،انھوں نے اپنے گزرے دنوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اب ہم محنت مشقت کر کے اپنے کشمیر پاکستان کو خوشحال بنانے کی کوشش میں مصروف ہیں، ہمیں متحد و منظم ہو کر اپنی کمیونٹی کی تعمیر کرنا ہوگی تاکہ دیار غیر میں اپنا مقام بلند کر سکیں، مقامی کونسلر کامران خان نے کہا کہ پاکستان کی سربلندی کے لیے متحد ہونا ہی ہماری ذمہ داری ہے، مسلم ریسورس سنٹر کے چیئرمین راجہ اصغر نمبل اور کوونٹری فلاور کے صدر عامر چوہدری ،نورالسلام جامع مسجد کے صدر چوہدری عارف نے کہا کہ اسلام ہمیں اتحاد اور پیار کی تعلیم دیتا ہے، ہمیں ان ہی اصولوں پر کاربند رہ کر کمیونٹی کو متحد رکھنا ہے، حاجی مبارک کیانی نے ہمیشہ انسانیت اور کمیونٹی کے لیے کام کیا ہے جو قابل قدر ہے، راجہ شیراز، راجہ ظفر نے کہا کہ آج مبارک کیانی کا ذکر اور ان کی خدمات پر گفتگو ہو رہی ہے، جس کی وجہ ان کا کردار اور خدمات ہیں، ہمیں چاہئے کہ ایسی شخصیات کی حوصلہ افزائی ہو تاکہ آئندہ بھی دوسری شخصیات تقلید کریں، معروف نعت خواں اور اسٹیج سیکرٹری چوہدری اللہ دتہ نے کہا کہ آج کی تقریب دوستوں کے لئے ایک مثالی تقریب ہے، جس یہ سیکھنے کا موقع ملتا ہے کہ اچھا گزرا وقت ہمیشہ ایک بہترین مثالی وقت ہوتا ہے، جس سے انسان ساری زندگی مسرت محسوس کرتا ہے، حاجی مبارک کیانی نے اس موقع پر چوہدری ابرار اور چوہدری اللہ دتہ کے بیٹوں کی ایل ایل بی اور ڈاکٹر کی ڈگری حاصل کرنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ بچپن کے دوستوں کو اکھٹا کرنے پر جہاں دلی خوشی ہوئی وہاں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ سکول کالج کے دوستوں کو اب بھی اسی پیار سے ملتا ہوں اور رابطہ میں ہوں جیسے بچپن میں ملتے تھے۔ انھوں نے کہا کہ بہترین اور سچا دوست آپ کی زندگی کو خوبصورت بنا سکتا ہے کوشش کریں مفادات سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کریں اور ملک کی تعمیر ترقی کے لیے کردار ادا کریں۔