طالبان وعدے پورے کریں، پاکستان، چین اور روس کا مطالبہ

September 18, 2021

دوشنبے ( ایجنسیاں )چین اور روس نے طالبان سے مطالبہ کیاہے کہ وہ اپنے وعدے پورے کریں ۔ دونوںممالک نے افغانستان میں نئی طالبان حکومت پر زوردیاہے کہ وہ اپنے ہمسایوں کے ساتھ امن سے رہیں ‘منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کریں ۔

چینی صدرشی جن پنگ نے افغانستان میں متعلقہ فریقین پر زوردیاہے کہ وہ اپنی سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں ‘انہوں نے افغانستان کو مزیدامدادینے کا وعدہ بھی کیاجبکہ روس کے صدر ولادیمیرپیوٹن کا کہنا ہے کہ امریکا کی سربراہی میں اتحادی افواج کے اچانک انخلاء نے دہشت گردی ‘منشیات کی اسمگلنگ ‘منظم جرائم اور مذہبی انتہاپسندی کے مسائل سے پُر پنڈورابکس پیچھے چھوڑدیاہے۔

شراکت داروں کو نئی افغان حکومت کے ساتھ کام کرنا چاہئے ‘ روس کو بھی طالبان حکومت کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے ‘عالمی طاقتوں کوافغانستان کے اثاثے بحال کرنے پر غور کرنا چاہئے ۔ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف کاکہنا ہے کہ طالبان حکومت سے مذاکرات کو یقینی بنانے کے لیے افغانستان کے منجمد اثاثوں کو بحال کردینا چاہئے ۔

تفصیلات کے مطابق تاجکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس سے ویڈیولنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے صدر شی جن پنگ نے ایس سی او کے رکن ممالک سے کہا ہے کہ افغانستان میں پرامن اقتدار کی منتقلی کو یقینی بنائیں۔

شی جن پنگ نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کو ایک جامع سیاسی ڈھانچہ تیار کرنے اور معتدل داخلی اور خارجی پالیسیوں پر عمل کرنے کے لیے افغانستان کی رہنمائی کرنی چاہیے ۔

اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر ولادی میرپیوٹن نے ایس سی او افغان رابطہ گروپ اور کابل کے درمیان رابطوں کو دوبارہ شروع کرنے کی تجویز دی ہے۔

پیوٹن نے کہا کہ افغانستان میں طاقت کی منتقلی عملی طور پر بغیر کسی خونریزی کے ہوئی تھی ، جسے انہوں نے مثبت قرار دیا۔ان کا کہناتھاکہ طالبان عملی طور پر پورے افغانستان کو کنٹرول کرتے ہیں اور یہ بہتر ہوگا کہ نئے افغان حکام کو امن کی بحالی، روزمرہ کی زندگی کو معمول پر لانے اور سب کے لیے سیکورٹی فراہم کرنے کے حوالے سے اپنے اپنے وعدوں پر عمل کرنے کی ترغیب دیں۔