بھارت کے بیلسٹک میزائل تجربے سے خطے کی سیکورٹی متاثر ہوگی، چین

September 18, 2021

اسلام آباد (صالح ظافر) چین کا کہنا ہے کہ بھارت کے بیلسٹک میزائل تجربے سے خطے کی سیکورٹی متاثر ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق، چین نے عالمی ادارے کو بھارت کے جوہری صلاحیت کے حامل آئی سی بی ایم بیلسٹک میزائل ٹیسٹ کرنے کے منصوبے سے متعلق خبردار کیا ہے کہ بھارت جوہری صلاحیت کے حامل آئی سی بی ایم اگنی 5 بیلسٹک میزائلوں کے تجربے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جہاں تک اس بات کا تعلق ہے کہ کیا بھارت جواہری ہتھیاروں کو لے جانے والے بیلسٹک میزائل تیار کرسکتا ہے تو اس حوالے سے یو این ایس سی آر 1172 کی واضح شرائط ہیں۔ یہ میزائل جس کی حد 5 ہزار کلومیٹرز ہے وہ چین کے متعدد شہروں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ یہ میزائل جوہری وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے ، بھارت پانچ مرتبہ اس کا تجربہ کرچکا ہے اور اب اسے فوج کے حوالے کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ چین، روس، امریکا ، فرانس اور شمالی کوریا ان ممالک میں شامل ہیں جن کے پاس بین البراعظمی بیلسٹک میزائلز ہیں۔