سررہ گزر

September 19, 2021

دستانے میں کیا ہے؟

میچ سے چند منٹ پہلے نیوزی لینڈ نے دورئہ پاکستان ختم کر دیا۔ شاید ہم نے بھی دستانے پر دستانہ پہن لیا ہے اس لئے ’’کھوئی والی گل‘‘ چھپا لی۔ بہرحال کوئی حکمت ہو گی، کسی حکومتی حکیم ہی کو علم ہوگا، اب تک تو ہمارے حکیم قبض کا علاج بھی نہ کر سکے آگے چل کر بیماری بڑھ نہ جائے۔ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کو بھی ہمارے ایک سابقہ وزیراعظم کی طرح تیسرے روز لطیفے کی سمجھ آ گئی۔ چلو اچھا ہوا کہ ہم پوری قوم نیوزی لینڈ کا سانحہ بھول گئے تھے اور صاف دماغ کے ساتھ کیوی کرکٹ دیکھنے کے لئے بہت خوش تھے کہ دستانہ پوش ہاتھ متحرک ہو گئے، شیخ رشید نے دستانے والے ہاتھ کا ذکر کر کے کافی حد تک ہاتھ کا دستانہ اتار دیا۔ رمیز راجا ابھی مبارکبادیں وصول کر رہے تھے کہ منحوس گھڑی نے 12بجا دیے۔ ان کا پہلا ردِعمل آخری ہونا چاہئے کیونکہ لفظوں کی حد تک جواب نہایت برجستہ و گرما گرم تھا، آگے چل کر عملی جواب بھی کرکٹ کے میدان میں ان کے ذمہ باقی ہے۔ اب سیکورٹی رسک الرٹ نیوزی لینڈ کو ثابت کرنا ہو گا کہ دنیا بھر میں شائقین کرکٹ کے دل ٹوٹے ہیں۔ پاکستان کا دوست کوئی کوئی، دشمن ہزار، اس لئے ہمیں اپنا روڈ میپ اب بنا کر دنیا میں چلنا ہو گا۔ حکومت میڈیا کو ستون بنا کر دکھائے کہ یہ جنگ میڈیا ہی لڑ سکتا ہے۔ سب سے بڑے میڈیا ہائوس کو اعتماد میں لے، عزت دے، کالے قانون کے دستانے پہن کر ہاتھ نہ بڑھائے پھر دیکھیں کہ کل کے محسن کس طرح آج بھی محسن بن کر سامنے آتے ہیں۔ میڈیا اور چابکدست سفارتکاری پاکستان کے امیج کو ہمسر ثریا بنا سکتے ہیں۔ حکومت اپنے اعضائے رئیسہ مضبوط کرے ، نیوزی لینڈ کی یہ حرکت مزار عبرت بن جائے گی۔ عالم میں پاکستانی کرکٹ کا علم پھر سے بلند ہو گا۔

٭ ٭ ٭ ٭ ٭

یہ کوئی بل ہے کہ غریب کا دل ہے

بجلی بل ٹیکس نامہ:انکم ٹیکس، ای ڈیوٹی، ٹی وی فیس، جنرل سیلز ٹیکس، ایف سی سرچارج اور بجلی کے مہنگے ترین نرخ اس کے علاوہ۔ حیرانی ہے کہ مساجد سے بھی ٹی وی ٹیکس وصول کیا جاتا ہے، جو نعوذ باللہ خدا کو معاف نہیں کرتے وہ غریب عوام کو کیوں چھوڑیں گے۔ نااہلی تو تھی ہی کہ خدا شناسی اور خدا خوفی بھی نہ رہی، ہم نے جو ٹیکس نامہ پیش کیا ہے اس میں ٹیکس فائلر کو بھی شاملِ جگا ٹیکس کر لیا گیا، میں ایک ٹیکس فائلر ہوں میرا بل سامنے پڑا ہے، اس میں پہلا ٹیکس ہی انکم ٹیکس ہے، ظالموں نے یہ تحقیق کرنا بھی گوارا نہ کی کہ میں لیسکو کو آگاہ کر چکا ہوں کہ عقل کے اندھو! میں ٹیکس فائلر ہوں، تحریک انصاف سے توقع تھی کہ صارف نے جو بجلی صرف کی ہے صرف اس کی قیمت وصول کرتی مگر یہ بل تو لیسکو نے شاید ایف بی آر سے بنوایا ہے کہ ہر نسل کا ٹیکس اس میں جڑ دیا ہے۔ یہ بھی ایک دلدوز خبر ملی ہے کہ لیسکو کے بعض اہلکار پیسے لے کر اصل بل کو بونا بنا دیتے ہیں، ایک لیسکو افسر نے کھل کر بتایا کہ لیسکو میں رشوت ستانی کی اخیر ہو چکی ہے، ہمیں وہ منظر یاد ہے جب دھرنے میں میانوالی کے راجکمار نے ایک بل عوام کے روبرو جلا دیا تھا کہ عوام بجلی کے بل ادا نہ کریں۔ ہمارا دردمندانہ مشورہ ہے کہ عوام اس دھرنا عمل پر عمل کریں، بل کے علاوہ بھی کئی غم ہیں مگر یہ حکومت بجلی کے بل سے ٹیکس کالم دور کر دے تو ہم سمجھیں گے کہ دھرنا کہیں سے تو سچا نکلا۔

٭ ٭ ٭ ٭ ٭

جینے دو بھئی جینے دو

مہنگائی میں اضافہ جاری، 22اشیاء کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں جبکہ فیاض چوہان فرماتے ہیں پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ زرعی پالیسی لائی گئی۔ یہ جو حکومت نے صوبائی و وفاقی ترجمان رکھے ہوئے ہیں ان کی سخن شناسی کا یہ عالم ہے کہ ظلم کا ترجمہ رحم کرتے ہیں، اس لئے بڑے صاحب اور چھوٹے صاحبان کی آنکھوں کا تارا ہیں۔ ایک صاحب تو اپنا ہمرنگ کالاقانون بھی لا رہے ہیں، خدا ان کی عمر دراز اور اقتدار مختصر کرے ہم اقلیم قلم سے یہی دعا دے سکتے ہیں، ترجمانوں کے چکنے کیچڑ میں نہ جانے کدھر پھسل گئے اور یہ کہنا تو بھول ہی گئے کہ ؎

جینے دو بھئی جینے دو

عوام کو سستا پانی پینے دو

دستانوں میں اپنی داستان ڈھونڈنے کے بجائے 22اشیاء سستی فراہم کرو ورنہ ڈھٹے کھوہ کا راستہ لو، میڈیا کیا یہ جھوٹ بولے کہ 22اشیاء سستی ہو گئی ہیں، یہ نہیں ہو سکتا۔ روزانہ کی بنیاد پر بدلتے اوپر چڑھتے مہنگائی موسم کا احوال تو میڈیا بہرحال بتائے گا تاکہ غریب عوام بھی آئندہ کیلئے اپنی کوئی اچھی سی رائے بنا کر اس دھرتی پر مہنگائی ظلم ڈھانے والوں کے راستے بند کر سکے۔ یہ حکومت ہے یا بند گوبھی کہ آخر تک چھلکے ہی نکلتے ہیں۔ اب تو اللہ کے دیئے پانچ برس بھی اختتام کو ترسنے لگے اب تو دے جا سخیا راہِ خدا ورنہ تیرا اللہ ہی بوٹا پٹے گا۔ یقین کیجئے اگر گرانی اسی طرح چڑھتی رہی تو یہاں ہر حکومت اترتی رہے گی، نہ جانے لوگوں کو کیا ہو گیا ہے کہ حق مانگنے کا وہ سلیقہ نہیں آتا کہ حکمرانوں سے اپنی بات ہی منوا لیں۔ بس مانتے جاتے ہیں مرتے جاتے ہیں۔

٭ ٭ ٭ ٭ ٭

جل کے رہے گا کالا قانون

٭سنا ہے کیا دیکھا بھی کہ صحافیوں پر پریس گیلریوں کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔

وہ کون سا جانور ہے جو چھیچھڑا منہ میں دبائے کہیں دور اکیلے میں کھاتا ہے۔

٭ نااہلی کو اس کی کہیں نظر نہ لگے

یہ لوگ کیوں میری غربت کو دیکھتے ہیں

٭ نہیں چلے گا،نہیں چلے گا کالا قانون

اب جل کے رہے گا کالا قانون

٭ ٭ ٭ ٭ ٭