امریکا اور اسکے اتحادیوں کو افغانستان کی تعمیر نو کی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے، عالمی برادری کابل کو انسانی ہمدردی پر امداد فراہم کرے، چینی وزارت خارجہ

September 19, 2021

عالمی برادری کابل کو انسانی ہمدردی پر امداد فراہم کرے، چینی وزارت خارجہ

بیجنگ (اے پی پی)چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژائو لیجیان نے کہا ہے کہ چین ، روس پاکستان اور ایران نے افغانستان میں بالعموم اور خطے میں بالخصوص امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کیلئے ملکر کوششیں کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسکے اتحادیوں کو افغانستان کی تعمیر نوکی ذمہ داری پور ی کرنی چاہیے، افغانستان میں غیر یقینی صورتحال پر تشویش ہے،عالمی برادری کابل کو انسانی ہمدردی پر امداد فراہم کرے۔

گزشتہ روز اپنے معمول کی بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ چین کے اسٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وانگ یی نے دوشنبے میں روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف ، پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اور ایران کی وزیر خارجہ کے سینئر نمائندے رسول موسوی کے ساتھ شنگھائی تعاون تنظیم اور سی ایس ٹی او کے اجلاسوں کے موقع پر ملاقات کی۔ جس میں افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزراءخارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان کی خودمختاری ، آزادی اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے۔ افغان قیادت اور افغان سرپرستی کے بنیادی اصول پر عملدرآمد کیا جانا چاہیے اور افغان عوام کے امن و آشتی، ترقی اور خوشحالی کے حق کو برقرار رکھا جائے ۔

فریقین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امریکا اور اسکے اتحادیوں کو افغانستان کے سماجی اور اقتصادی تعمیر نو کی بنیادی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے اور افغانستان کو ضروری اقتصادی ، کھانے پینے کی ضروری اشیاءکی فراہمی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنی چاہیے۔

فریقین نے افغانستان میں قومی مصالحت پر مبنی ایک ایسی جامع حکومت سازی کی ضرورت پر زور دیا جس میں تمام لسانی گروپوں کے مفادات کو مقدم رکھا گیا ہو۔

ترجمان نے مزید کہا کہ فریقین نے افغانستان کو درپیش چیلجز کا ادراک کرتے ہوئے دہشت گردی کے خطرات ، منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام اور علاقائی استحکام اور ہمسایہ ممالک کے جائز خدشات اور مفادات کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔

فریقین نے افغانستان میں ہومینٹرین اور سماجی و اقتصادی غیر یقینی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کو انسانی ہمددری کی بنیادوں پر امداد کا سلسلہ جاری رکھے۔ ترجمان نے کہا کہ فریقین نے اس حوالے سے تعاون جاری رکھنے اور مناسب وقت پر اجلاس منعقد کرنے سے بھی اتفاق کیا۔