حکومت کا چیف الیکشن کمشنر کے کنڈکٹ پر تحفظات کا اظہار

September 19, 2021

وفاقی حکومت نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے کنڈکٹ پر تحفظات ظاہر کر دیئے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے خلاف باقاعدہ مہم چلائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سیاست کرنا چاہتے ہیں تو استعفیٰ دیں اور سیاسی میدان میں آئیں، لگتا ہے کہ اپوزیشن اور چیف الیکشن کمشنر ایک ہی زبان بول رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ یہ نہیں ہوتا کہ چیف الیکشن کمشنر خود کو اپوزیشن کے طوپر پیش کریں، الیکشن کمیشن کے ارکان آگے بڑھیں، فیصلے کا جائزہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن انتہائی نالائق بچوں پر مشتمل ہے، اپوزیشن کو منظور نہیں تو انتخابی عمل میں اپنی اصلاحات لے آئے۔

وزیرِ اطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ حکومت انتخابی اصلاحات پر عمل کرنا چاہتی ہے۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن بیٹھ کر بات کرے، میں نہ مانوں کی رٹ لگانے سے جمہوری عمل کمزور ہو گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ الیکشن کمیشن صرف وقت گزاری سے کام چلا رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا منصوبہ 2028ء پر نہیں جانے دیا جائے گا۔