• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیخلاف درخواست خارج


سپریم کورٹ آف پاکستان نے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست خارج کر دی۔

عدالتِ عظمیٰ نے درخواست پر سپریم کورٹ رجسٹرار آفس کے عائد اعتراضات برقرار رکھے ہیں۔

سپریم کورٹ میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی تعیناتی کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران قائم مقام چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے سوال کیا کہ کیا الیکشن کمیشن میں اس وقت کوئی حاضر سروس جج ہے؟

درخواست گزار علی عظیم آفریدی نے جواب دیا کہ اس وقت کوئی حاضر سروس جج الیکشن کمیشن میں نہیں۔

قائم مقام چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ پھر تو بات ہی ختم ہو جاتی ہے، آپ کہتے ہیں کہ ریٹائرڈ بیورو کریٹ کو چیف الیکشن کمشنر نہیں لگایا جا سکتا، کیا آپ نے چیئرمین نیب کی تعیناتی کے کیس کا فیصلہ پڑھا ہے؟

قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور چیئرمین نیب جوڈیشل افسران نہیں ہوتے، آئین کے مطابق کسی آئینی ترمیم کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا، آپ کی کوشش کو سراہتے ہیں، آپ نے آئینی نقطہ اٹھایا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے کر خارج کی تھی۔

ایڈووکیٹ علی عظیم آفریدی کی رجسٹرار آفس کے خلاف دائر درخواست اوپن کورٹ میں لگائی گئی تھی۔

تازہ ترین