فضل الرحمٰن کا پیپلز پارٹی کو متوازی رویہ اختیار کرنے کا مشورہ

September 19, 2021

اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو متوازی رویہ اختیار کرنے کا مشورہ دے دیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کے بارے میں ایسا رویہ رکھے، جس سے حکومت کو فائدہ نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اب پی ڈی ایم میں یکسوئی اور ہدف ایک ہے اسے دوبارہ آزمائش میں ڈالنا نہیں چاہتے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ جمہوریت میں ایک الائنس سے باہر رہ کر بھی حکومت کی مخالفت کی جاسکتی ہے، موجودہ حکومت میں ملک چلانے کی صلاحیت نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ امارت اسلامیہ افغانستان نے 20 سال میں امریکا اور نیٹو ممالک کو بے بس کردیا۔

پی ڈی ایم سربراہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان افغانستان میں پُرامن اور مستحکم نظام لانے کے لیے تعاون کرے اور اپنی مرضی نہ ٹھونسے۔

انہوں نے کہا کہ طالبان سے ہمدردی رکھیں اور فوراً ان کی حکومت کو تسلیم کریں، چین اور روس دلچسپی دکھا رہے ہیں ہمیں بھی رابطہ رکھنا چاہیے۔