• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل کی 3 بڑی فرنچائز کی پاکستان کرکٹ بورڈ کو اہم پیشکش


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی 3 بڑی فرنچائز نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو اہم پیشکش کردی۔

پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی نے ملک میں نمائشی میچز کھیلنے کی پیشکش کردی۔

تینوں ٹیموں نے پاکستان کرکٹ کی ساکھ کی بحالی کے لیے پی سی بی کو نمائشی میچز میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی بلانے کی یقین دہانی کروادی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے سی ای او ثمین رانا نے کہا کہ بین ڈنک سمیت لاہور قلندرز کے تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے کو تیار ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے بتایا کہ پی سی بی چیئرمین رمیز راجا نے اس پیشکش کو سراہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ناامیدی کی ضرورت نہیں، بہت سے مراحل کا سامنا کیا، اس سے بھی نکل جائیں گے۔

ندیم عمر نے یہ بھی کہا کہ بہت سی چیزیں چھپی ہوئی ہیں، سمجھ نہیں آرہا کس پر الزام لگائیں، کس سے پوچھیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ کرکٹ سے محبت کرنے والے بہت مایوس ہیں، نیوزی لینڈ کے فیصلے سے لگا جیسے بجلی گر گئی ہو۔

مالک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کہا کہ فرنچائز کے کھلاڑیوں سے جو تعلقات ہیں وہ استعمال کریں گے، ہم سب مل کر کھلاڑیوں کو بلا لیں گے۔

تازہ ترین