شہر کے متعدد علاقوں میں پانی کی قلت ،عوام سراپا احتجاج

September 21, 2021

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) اڈیالہ روڈ اور گرد ونواح کی درجنوں آبادیوں میں بھی پانی جیسی بنیادی سہولت نہ ہونے پر لوگ مہنگے داموں ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں ۔گرجاروڈ گلی نمبر 22 اور ملحقہ آبادی ملک کالونی، چونترہ کالونی اور نئی آبادی میں گزشتہ دس روز سے پانی نہ ملنے پر لوگ بوند بوند کو ترس گئے۔ واسا حکام کی بے حسی کے باعث رہائشیوں کو منہ مانگے داموں ٹینکروں سے پانی خریدنا پڑ رہا ہے، وفاقی وزیر غلام سرور خان اور رکن صوبائی اسمبلی واثق قیوم کےحلقے کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اس بنیادی ضرورت کی عدم دستیابی سے زندگی مشکل بنی ہوئی ہے متاثرین کا کہنا ہے کہ واسا دفتر جاکر متعدد بار ڈائریکٹر واٹر سے ملاقات کر کے صورتحال سے آگاہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر ہر بار ایک ہی جواب ملا صاحب مصروف ہیں۔ متاثرین نے حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔