سپریم کورٹ فیصلے پر نظرثانی کیلئے فل کورٹ لارجر بنچ تشکیل دینے کی استدعا

September 22, 2021


اسلام آباد(نمائندہ جنگ) سپریم کورٹ کی جانب سے کراچی کے گجرنالہ اورنگی نالہ کے دونوں جانب کی آبادیوں کو ہٹا کر صفائی کرنے اور 30، 30فٹ کی سڑکیں تعمیر کرنے کے حوالے سے جاری فیصلے کیخلاف دائر 14؍الگ الگ درخواستوں کے ذریعے چیف جسٹس سے معاملہ کی سماعت کیلئے فل کورٹ لارجر بنچ تشکیل دیتے ہوئے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کی استدعا کی گئی ہے ،درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم کی تعمیل میں آبادیوں کو ہٹانے سے 50 ہزار سے زائد لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔ درخواست گزار پاکستان ریلویز ایمپلائز ہائوسنگ سوسائٹی، الہ دین پارک کی انتظامیہ، کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چند ملازمین اور نعمت اللہ خان کی جانب سے دائردرخواستوں میں بیان کیا گیا ہے کہ عدالت کے حکم کی تعمیل میں صوبائی انتظامیہ کی جانب سے دونوں نالوں کے اردگرد قائم آبادیوں کو ہٹانے سے 50 ہزار سے زائد لوگ بے گھر ہوگئے ہیں، درخواستوں میں مختلف آئینی اور قانونی سوالات اٹھائے گئے ہیں ۔