موٹروے پر چلتی کار کی ڈرائیونگ سیٹ چھوڑ کر ویڈیو بنانے والا ٹک ٹاکر گرفتار

September 22, 2021

موٹر وے پر تیز رفتاری کے دوران چلتی کار کی ڈرائیونگ سیٹ چھوڑ کر دوسری سیٹ پر بیٹھ کر ویڈیو بنانے والے ٹک ٹاکر کو تلاش کے بعد موٹروے پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق اعزاز شاہ نامی شخص نے موٹروے ایم ون پر انتہائی غفلت لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاڑی کو کروز کنٹرول لگایا اور ڈرائیونگ سیٹ خالی چھوڑ کر دوسری سیٹ پر منتقل ہوکر اس خطرناک حرکت کی ویڈیو بنائی، جسے سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔

ترجمان کے مطابق جب معاملہ موٹروے پولیس کے علم میں آیا تو موٹروے پولیس نے اس کی تفتیش شروع کردی۔

تفتیش کے آغاز میں تو ملزم تک پہنچنے کے خاطرخوہ ثبوت نہ ملے جس پر تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا گیا۔

دوران تفتیش اس بات کا پتہ چلا کہ ملزم نہ صرف لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرتا رہا ہے بلکہ اسلحہ کی نمائش کرنے میں بھی ملوث ہے۔

ترجمان موٹروے نے کہا کہ بلآخر ملزم کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

اس موقع پر سیکٹر کمانڈر شاہ اسد خان کا کہنا تھا کہ موٹر وے پر سنگین لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، نہوں نے تفتیش میں حصہ لینے والی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔