پاکستان اولمپکس حکام ایک ماہ سے وزیراعظم سے ملاقات کے منتظر

September 23, 2021

کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے بدھ کو کرکٹرز سے ملاقات کی تاہم وزیراعظم ہائوس نے پی او اے کی ملاقات کے لئے ایک ماہ قبل دی گئی درخواست کا تاحال کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ دریں اثنا انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے پاکستان حکومت اور پی او اے کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازع پر تشویش کا اظہارکیا ہے لیکن وہ پرامید ہے کہ فریقین اولمپک چارٹر کی روشنی میں مسائل کو ذمہ داری کے ساتھ حل کرسکتے ہیں۔ اس مناسبت سے ایک خط کے ذریعے پی او اے کو جلد ازجلد ریاستی حکام سے مل کر تنازع حل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ یہ بھی کہا ہے کہ پی ایس بی کی جانب سے فیڈریشنز سے متعلق تنازعات کو حل کرنے اور ایڈہاک کمیٹیاں مقرر کرنے کے لیے ریاست کے زیر کنٹرول انتخابی کمیشن قائم کرنے کا اقدام اولمپک تحریک کی خود مختاری کے اصول کے مطابق نہیں۔ آئی او سی کسی تیسرے فریق کی غیر مناسب مداخلت کو قبول نہیں کرے گی۔