ظاہر جعفر کے والدین کے وکیل پر عدالت برہم

September 23, 2021

نورمقدم قتل کیس میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والدین کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے دوران ملزمان کے وکیل پر اسلام آباد ہائی کورٹ برہم ہو گئی۔

دورانِ سماعت مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والدین کے وکیل نے کہا کہ صدارتی آرڈیننس کے تحت نور مقدم قتل کیس کا ٹرائل اسپیشل کورٹ میں ہونا چاہیئے۔

جسٹس عامر فاروق نے وکیل پر برہم ہوتے ہوئے کہا کہ آرڈیننس کی مدت اب ختم ہو چکی ہے، لگتا ہے کہ آپ ٹرائل میں تاخیر کرنا چاہتے ہیں۔

وکیل نے کہا کہ میرا قطعاً مقصد کیس کو تاخیر کا شکار کرنا نہیں ہے۔

عدالتِ عالیہ نے کہا کہ آپ سمجھتے ہیں کہ ٹرائل کورٹ کا اختیار نہیں تو متعلقہ عدالت میں درخواست دیں۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ظاہر جعفر واقعےکے روز اپنے والدین سے مسلسل رابطے میں تھا۔

انہوں نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ ہم نے کیس میں غیر ضروری گواہوں کو شامل نہیں کیا۔