کراچی: ایئر پورٹ کے امیگریشن کاؤنٹرز پر کورونا SOPs کی خلاف ورزی

September 23, 2021


کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ میں امیگریشن کاؤنٹرز مکمل فعال نہ ہونے کے باعث مسافروں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، رش کے باعث کورونا ایس او پیز کی بھی خلاف ورزی دیکھنے میں آئی ہے۔

ذرائع نے ’جیو نیوز‘ کو بتایا کہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر امیگریشن کے 12 میں سے صرف 4 کاؤنٹر کام کر رہے ہیں، جس کے باعث بیرون ملک جانے والے مسافروں کا ایئر پورٹ پر رش لگ گیا اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی بھی ہوتی رہی۔

امیگریشن کاؤنٹر پر مسافروں کے رش کی فوٹیج ’جیو نیوز‘ کو موصول ہوئی ہے، فوٹیج میں مسافروں کا رش اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کو دیکھا جاسکتا ہے۔

رش کے باعث امیگریشن میں مسافروں کو پریشانی اور تاخیر کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ایف آئی اے نے 12 کاؤنٹرز میں سے 8 پر اسٹاف ہی نہیں تعینات کیا اور عملے کے تعینات نہ ہونے سے مسافروں کی امیگریشن میں مشکلات ہو رہی ہیں۔