دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی چھ ارب خوراکیں لگائی جا چکیں

September 24, 2021

پیرس ( نیوزڈیسک) دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی چھ ارب خوراکیں لگائی جا چکی ہیں، ان میں سے 40 فیصد چین میں لگائی گئی ہیں۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کی جانب سے اکٹھے کیے گئے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق چین کے بعد انڈیا اور امریکہ میں سب سے زیادہ افراد کو ویکسین کے انجیکشنز لگ چکے ہیں۔دس لاکھ سے زیادہ کی آبادی والے ممالک میں سے متحدہ عرب امارات اپنے شہریوں کو ویکسین لگانے میں سب سے آگے ہے۔ متحدہ عرب امارات کی 81 فیصد آبادی کو ویکسین کی مکمل خوراکیں لگ چکی ہیں۔عرب امارات کے بعد دوسرے نمبر پر لاطینی امریکی ملک یوراگوئے ہے جہاں ہر ایک سو شہریوں کو ویکسین کی 175 خوراکیں لگ چکی ہیں۔ تیسرے نمبر پر اسرائیل، چوتھے پر کیوبا، پانچویں پر قطر جبکہ چھٹے پر پرتگال ہے۔اسرائیل، عرب امارات اور یوراگوئے سمیت چند دیگر ممالک نے بھی ویکسین کے بوسٹر شاٹس لگانا شروع کر دیے ہیں تاکہ مکمل ویکسین یافتہ افراد کی قوت مدافعت میں اضافہ کیا جا سکے۔علاوہ ازیں مغربی یورپ، شمالی امریکہ اور مشرق وسطیٰ کے چند ممالک میں ویکسین لگانے کی مہم سست روی کا شکار ہو رہی ہے۔ جب کہ ایشیا، لاطینی امریکہ اور مغربی و مشرقی نصف کرہ کے ممالک میں تیزی سے شہریوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔شمالی کوریا، برونڈی، ایریٹریا کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں ویکسین لگانے کا آغاز بالکل نہیں ہوا۔