انوکھا فیصلہ، انوکھی سزا، ملزمان کو نماز پڑھنے، درخت لگانے اور مساجد کی صفائی کا حکم

September 26, 2021

سکھر (بیورورپورٹ ) کندھ کوٹ کی عدالت کا منفرد فیصلہ سیپکو ملازمین کو دو سال 5 وقت نماز، مسجد کی صفائی، حدیثیں یاد کرنے اور 40 درخت لگانے کا فیصلہ سنا دیا۔

ذرائع کے مطابق کندھ کوٹ کے علاقے تنگوانی میں تین ماہ قبل بجلی کی تاروں میں الجھ کر تین بھینس ہلاک ہوگئی تھیں جس پر بھینسوں کے مالک نےعدالت میں درخواست دی تھی کہ اس کی بھینسیں سیپکو اہلکاروں کی غفلت کی وجہ سے ہلاک ہوئی ہیں۔

اس لئے سیپکو ملازمین کے خلاف کاروائی کی جائے، جس پر تنگوانی کے جوڈیشل مجسٹریٹ سول جج منور علی پیرزادہ کی عدالت نے ایس ڈی او، لائن سپرنٹنڈنٹ اور لائن مین کو 2 سال تک 5 وقت نماز پڑھنے، مساجد کی صفائی اور حدیثیں یاد کرنے کا حکم سنا دیا ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان 40 درخت لگائیں، ہر جمعے کو 2 مساجد کی صفائی اور ہر ماہ 10 حدیثیں بھی یاد کریں۔ عدالت نے پولیس کو بھی حکم دیا کہ ہر ماہ سزا پر عملدرآمد کی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی جائے۔