افغانستان کوامداددینگے،طالبان حکومت تسلیم کرناخارج ازامکان،یورپی یونین

September 26, 2021

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینارا نے کہاہےکہ پاکستان نے افغانستان سے یورپی یونین کے باشندوں کے محفوظ انخلا میں اہم کردار ادا کیا۔ ہم نےپاکستان کے اس اعلان کو سراہا کہ کابل میں حکومت جامع ہونی چاہئے جس میں خواتین کو بھی نمائندگی دی جانی چاہئے۔

ایک انٹرویومیں انہوں نےکہاکہ یورپی اتحاد طالبان کی جانب سے کابل کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے خطے میں ہونے والی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

یورپی یونین نے اس برس کے آغاز سے اب تک افغانستان کو امداد کی مد میں 5 کروڑ 70 لاکھ یورو فراہم کئے ہیں۔ اس کے علاوہ یورپی اتحاد نے اس رقم کو چارگنا کرنے کا اعلان کیا اور گزشتہ ہفتے جنگ سے تباہ حال ملک کیلئے اضافی دس کروڑ یورو کا اعلان کیا گیا۔

یورپی یونین کی سفیر نے کہا کہ ہم ملک میں کسی بھی انسانی بحران سے بچنے کیلئے افغانستان کو امداد فراہم کرتے رہیں گے تاہم انہوں نے اس مرحلے پر یورپی یونین کی جانب سے طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے کو خارج از امکان قرار دے دیا۔