چیئرمین PCB نیشنل T20 کپ میں پچز کے معیار سے ناخوش

September 27, 2021


راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں پچز کے معیار سے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ ناخوش ہیں، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والے دوسرے مرحلے میں بیٹنگ فرینڈلی پچز بنانے کا ٹاسک دے دیا گیا ، جبکہ اسکواڈز کو بھی متوازن بنایا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں پچز کے معیار سے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ خوش نہیں ہیں جبکہ وہ ٹیموں کے توازن سے بھی مطمئن نہیں ہیں ، اسی لیے لون ونڈو بھی متعارف کرائی گئی ہے۔

تمام ٹیموں کو متوازن کرنے کے لیے ڈائریکٹر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کو کہہ دیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کی سیریز ختم ہونے کے بعد نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ قرار دیا گیا اور اس میں قومی اسکواڈ کے تمام کھلاڑیوں کی شمولیت کو یقینی بنایا گیا ہے لیکن پچز معیاری نہ ہونے کی وجہ سے قومی اسکواڈ کی تیاریاں متاثر ہوئی ہیں۔

باؤنسی پچز ہونے کی وجہ سے بیٹسمین بھی ناخوش ہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ پچز معیاری نہ ہونے پر متعلقہ افراد کی باز پرس بھی ہوئی کیونکہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ پچز پر سمجھوتہ نہ کرنے کا کہہ چکے ہیں ۔

قذافی اسٹیڈیم میں پچز کا معیار بڑھانے اور بیٹنگ پچز تیار کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے، لاہور میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا دوسرا مرحلہ 6 اکتوبر سے شروع ہوگا۔