پاکستانی کوہ پیما سرباز خان تاریخ رقم کرنے کے قریب

September 27, 2021

پاکستانی کوہ پیما سرباز خان ایک اور تاریخی کارنامہ سرانجام دینے کے قریب ہیں۔

سرباز خان نے داولاگیری پیک کو سر کرنے کی مہم شروع کردی ہے، ان کا بیس کیمپ سے کیمپ ٹو کی جانب سفر جاری ہے، داولاگیری کی بلندی آٹھ ہزار167 میٹر ہے۔

داولاگیری سر کرنے کے بعد سرباز خان آٹھ ہزار میٹر کی نو مختلف چوٹیاں سر کرنے والے پہلے پاکستانی بن جائیں گے۔

خیال رہے کہ دنیا میں اس وقت مجموعی طور پر 14 چوٹیاں آٹھ ہزار میٹر سے بلند ہیں۔

سرباز خان نانگا پربت ، کے ٹو، لوٹسے، براڈ پیک، مناسلو، اناپورنا، ایوریسٹ اور گشیربرم ٹو بھی سر کرچکے ہیں۔

پاکستانی کوہ پیما سر باز خان دنیا کی دسویں سب سے اونچی چوٹی اناپورنا سر کرنے والے پہلے پاکستانی بھی ہیں۔

انہوں نے نیپال کی 8 ہزار 91میٹر بلند اناپورنا چوٹی ساتھی کوہِ پیما جوشی کے ہمراہ رواں برس اپریل میں سر کی تھی۔

بعد ازاں ماہِ مئی میں سرباز خان نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کی تھی۔