فخر امام کی صوبوں کو گندم کی امدادی قیمت سے آگاہی کی ہدایت

September 27, 2021

وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی فخر امام نے صوبوں کے محکمہ خوراک کو گندم کی جلد از جلد امدادی قیمت سے آگاہ کرنے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد میں فخرامام کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں گندم کی پیداوار کا تخمینہ، اسٹاک پوزیشن اور خریداری و ریلیز کا جائزہ لیا گیا۔

فخر امام نے کہا کہ بوائی کے سیزن سے پہلے گندم کی کم از کم امدادی قیمت کو حتمی شکل دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کے محکمہ خوراک گندم کی جلد از جلد امدادی قیمت سے آگاہ کریں۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اجلاس کو صوبائی زرعی محکموں نے گندم کی تازہ پیداوار کے اعداد وشمار سے آگاہ کیا۔

صوبائی حکام کے مطابق پنجاب اور کے پی کے نے سرکاری گندم ریلیز کی پالیسی کو حتمی شکل دے دی ہے۔

حکام کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا نے گندم کی فی من قیمت 1940 روپے اور ان صوبوں میں 20 کلو بوری کی ریٹیل قیمت 1100 روپے مقررکی گئی ہے۔

صوبائی حکام کے مطابق سندھ نے صوبائی کابینہ سے سرکاری گندم ریلیز پالیسی کی ابھی تک حتمی منظوری نہیں لی۔

محکمہ خوراک پنجاب کے مطابق صوبے میں گندم کی پیداوار کا تخمینہ 20اعشاریہ9 ملین میٹرک ٹن ہے جبکہ اس وقت اس کا گندم کا ذخیرہ 3اعشاریہ86 ملین میٹرک ٹن ہے۔

محکمہ خوراک سندھ کے مطابق سندھ میں گندم کی پیداوار کا تخمینہ 4اعشاریہ04 ملین میٹرک ٹن ہے جبکہ اس کا گندم کا ذخیرہ 1اعشاریہ26 ملین میٹرک ٹن ہے۔