یوٹیلیٹی اسٹورز پر قیمتیں مہینے میں چوتھی بار بڑھادی گئیں

September 28, 2021

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء کی قیمتوں میں رواں ماہ ستمبر میں چوتھی بار اضافہ ہواہے ،وزیراعظم ریلیف پیکیج میں شامل ایک کلو سفید چنا 40 روپے مہنگا کردیا گیا جس کے بعد اس کی فی کلو قیمت 120 روپے سےبڑھ کر 160 روپے ہو گئی ہے، گلگت بلتستان ریجن کیلئے سفید چنا کی قیمت 125 روپے سے بڑھا کر 165 روپے کلو کردی گئی ہے ، ترجمان یوٹیلیٹی اسٹورز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں چنے کی قیمت میں اضافے کے باعث قیمت بڑھائی گئی ہے،مارکیٹ میں سفید چنا کی قیمت 220 روپے فی کلوگرام ہے اور یوٹیلٹی اسٹورز کو 180روپے فی کلوگرام پڑ رہا ہے، 20روپے فی کلوگرام سبسڈی کیساتھ نئی قیمت 160روپے کلومقرر کی گئی ہے، ذرائع یوٹیلیٹی اسٹورز کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے اثرات یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی پڑے ہیں جس کی وجہ سے اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا۔