ڈولفن فورس کیلئے مختص عمارت میں تعلیمی ادارے کے قیام کی کوششیں

September 29, 2021

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) راولپنڈی میں ڈولفن فورس کیلئے بنائی گئی عمارت میں تعلیمی ادارے کے قیام کیلئے مقامی افراد متحرک ہوگئے ۔ پی ایم پورٹل پربھی درخواست ڈال دی گئی ، ذرائع کے مطابق کوٹھاکلاں مورگاہ میں ڈولفن فورس راولپنڈی کے ہیڈکوارٹرزکی تین منزلہ عمارت کا تعمیراتی کام تقریباً مکمل ہوچکاہے 12کنال اراضی میں سے8کنال پرڈولفن فورس کیلئے دفاتر، شیڈ اورملازمین کی رہائشگاہیں تعمیر کی گئی ہیں۔ اس پراجیکٹ کی منظوری سابقہ دورحکومت میں دی گئی تھی اور2017 میں اس پرکام شروع کردیا گیا تھا جوچارسال میں پایہ تکمیل کوپہنچ سکا،جب کہ اس دوران اہل علاقہ کی جانب سے یہاں سکول وکالج کے قیام کامطالبہ سامنے آیاہے ،ذرائع کاکہناہے کہ گزشتہ برسوں میں یہاں راولپنڈی پولیس کی جانب سے پولیس ملازمین کے بچوں کے لئے تعلیمی ادارے کے قیام کامنصوبہ بھی بنایاگیاتھا جوبعض وجوہ کی بناپرآگے نہ بڑھ اوربعدمیں صوبائی حکومت نے یہاں راولپنڈی ڈولفن فورس کے لئے عمارت بنانے کی منظوری دے کر12کروڑ روپے سے زیادہ کی گرانٹ جاری کی جس سے ڈولفن فورس کے دفاتر،ملازمین کے لئےرہائشی بارکیں اور فورس کی گاڑیاں اورموٹرسائیکل کھڑے کرنے کے لئے شیٖڈ بنائے گئے۔اب جبکہ عمارت تعمیرہوچکی ہے تواہل علاقہ کاکہناہے کہ ڈولفن فورس ہیڈکوارٹرکی یہاں منتقلی سے ان کی پرائیویسی متاثرہوگی راستے کابھی پرابلم آئے گا ،اگراسے پرانے منصوبے کے مطابق تعلیمی ادارے کیلئے مختص کیاجائے توزیادہ مناسب ہوگا۔