علی ظفر کا پشتو گانا یوٹیوب پر ٹاپ ٹرینڈ

October 03, 2021


عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر کے موسیقی کیریئر کا پہلا پشتو گانا جوکہ 22 ستمبر کو ریلیز ہوا تھا، اس وقت ویڈیو شیئرنگ ایپ یوٹیوب پر ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے۔

علی ظفر کے کیریئر کا پہلا پشتو گانا ’لارشہ پخاور‘ کو سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے، اب تک اس گانے کو یوٹیوب پر 10ملین یعنی 1 کروڑ سے زائد ویوز مل چکے ہیں۔

اس کے علاوہ یہ گانا پاکستان میں ویڈیو شیئرنگ ایپ یوٹیوب کی میوزک کیٹیگری میں بھی ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے۔

یہی نہیں علی ظفر کے اس پشتو گانے کو متحدہ عرب امارات میں رہنے والے پشتون لوگوں کی جانب سے بھی پسند کیا گیا ہے۔

کچھ روز قبل معروف عربی جریدے خلیج ٹائمز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق یہ گانا متحدہ عرب امارات میں ویڈیو شیئرنگ ایپ یوٹیوب کی میوزک کیٹیگری میں چوتھے نمبر پر ٹرینڈ کر رہا تھا۔

خیال رہے کہ علی ظفر نےاپنے کیرئیر کا پہلا پشتو گانا ریلیز کر دیا ہے، یہ خوشخبری انہوں نے سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے دی تھی۔

اس حوالے سے علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے گانے کا مختصر ویڈیو کلپ شیئر کیا تھا جس میں گلوکار کے ساتھ معروف پشتون گلوکارہ گُل پانڑہ کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

علی ظفر اور گُل پانڑہ کے اس نئے گانے کا نام’لارشہ پخاور‘ ہے جس میں اُنہوں نے پشتون ثقافت کو بڑی خوبصورتی کے ساتھ دِکھایا ہے جبکہ یہ گانا گزشتہ روز پشتون کلچر ڈے کے موقع پر ریلیز کیا گیا تھا۔