معروف گلوکار علی ظفر کا پہلا پشتو گانا ریلیز ہوگیا۔
علی ظفر نے سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے اپنے پہلے پشتو گانے کی ریلیز کے بارے میں بتایا۔
اس حوالے سے علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے گانے کا مختصر ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں گلوکار کے ساتھ معروف پشتون گلوکارہ گُل پانڑہ کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
علی ظفر اور گُل پانڑہ کے اس نئے گانے کا نام ’لار شہ پخور‘ ہے جس میں اُنہوں نے پشتون ثقافت کو بڑی ہی خوبصورتی سے دِکھایا ہے جبکہ یہ گانا گزشتہ روز پشتون کلچر ڈے کے موقع پر ریلیز کیا گیا۔
گلوکار نے اپنے ٹوئٹ میں اپنے گانے کا یوٹیوب لِنک بھی شیئر کیا اور مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’لِنک پر کلک کرکے تیز آواز میں میرے پہلے پشتو گانے کو انجوائے کریں۔‘
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے علی ظفر اور گُل پانڑہ کے اس پہلے پشتو گانے کو بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں علی ظفر نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بتایا تھا کہ وہ اب سندھی، بلوچی کے بعد پشتو زبان میں بھی اپنا گانا جاری کرنے والے ہیں۔