گلوکاری کے ساتھ ساتھ اداکاری کی دُنیا میں بھی شہرت پانے والے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر کے پہلے پشتو گانے پر صرف 24 گھنٹوں میں ایک ملین سے زائد ویوز آگئے۔
پشتون کلچر ڈے پر ریلیز ہونے والے علی ظفر کے گانے ’لار شہ پخور‘ کو صرف 24 گھنٹوں کے دوران ایک ملین یعنی 10 لاکھ سے زائد افراد نے سُن لیا ہے جبکہ اس وقت بھی اُن کا یہ گانا یوٹیوب پر ٹرینڈنگ پر سرِفہرست ہے۔
اس موقع پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے علی ظفر نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے چاہنے والوں کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا۔
علی ظفر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’صرف 24 گھنٹوں میں 1 ملین ویوز آگئے ہیں اور ٹرینڈنگ کی فہرست میں بھی نمبر ون پر ہے۔‘
گلوکار نے اپنے مداحوں کو مدعو کرتے ہوئے لکھا کہ ’آئیے پختون ثقافتی جشن مناتے ہیں۔‘
اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’آئیے دقیانوسی تصورات کو توڑتے ہیں اور دنیا کو دکھاتے ہیں کہ ہم واقعی کون ہیں۔‘
خیال رہے کہ علی ظفر اور گُل پانڑہ کے اس نئے گانے کا نام ’لار شہ پخور‘ ہے جس میں اُنہوں نے پشتون ثقافت کو بڑی ہی خوبصورتی سے دِکھایا ہے جبکہ یہ گانا گزشتہ روز پشتون کلچر ڈے کے موقع پر ریلیز کیا گیا۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے علی ظفر اور گُل پانڑہ کے اس پہلے پشتو گانے کو بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں علی ظفر نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بتایا تھا کہ وہ اب سندھی، بلوچی کے بعد پشتو زبان میں بھی اپنا گانا جاری کرنے والے ہیں۔