ٹام کروز کی خلا میں فلم سے قبل ہی روس آج فلم ڈائریکٹر اور اداکارہ کو خلا میں فلم کی ریکارڈنگ کیلئے روانہ کر دے گا

October 05, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) دلچسپ خبر یہ ہے کہ ایک خلا نورد، ایک فلم ڈائریکٹر اور ایک اداکار کو ایک خصوصی مشن کے تحت منگل کے دن بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) بھیجا جا رہا ہے جہاں وہ فلم کی شوٹنگ کریں گے، حیران کن بات یہ ہے کہ آپ یہ فلم براہِ راست دیکھ سکیں گے۔ روس کی جانب سے سویوز خلائی جہاز ان تینوں افراد کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجکر 55؍ منٹ پر قازقستان سے خلا میں روانہ کیا جا رہا ہے۔ ناسا کے ویب کاسٹ ورژن پر یہ منظر پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجکر 15؍ منٹ سے براہِ راست نشر کیا جائے گا۔ روانہ ہونے والوں میں خلا نورد انتون شکاپلیروف شامل ہیں جو تین مرتبہ طویل عرصہ کی خلائی پروازوں کا حصہ رہ چکے ہیں اور وہ کئی ماہ تک جاری رہنے والے اس پروجیکٹ میں شامل ہیں۔ ان کے ساتھ فلم ڈائریکٹر کلم شپنکو اور اداکارہ یولیا پریسلڈ شامل ہیں۔ فلم ڈائریکٹر اور اداکارہ خلا میں 12؍ دن قیام کریں گے۔ پروجیکٹ کے تحت یہ تینوں افراد ’’دی چیلنج‘‘ نامی فلم کی ریکارڈنگ میں حصہ لیں گے جس کی کہانی یہ ہے کہ ایک ڈاکٹر قلیل مدت کے نوٹس پر خلائی اسٹیشن روانہ ہوتا ہے جہاں وہ ایک خلانورد کی جان بچاتا ہے۔ روس خلا میں دنیا کی پہلی فلم بنانے کا ارادہ رکھتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اُس نے امریکا کے ادارے ناسا اور نجی امریکی کمپنی اسپیس ایکس کی خلا کی جانب پرواز سے قبل ہی اپنے اس انوکھے پروجیکٹ کیلئے اپنی پرواز کا شیڈول طے کیا۔ یاد رہے کہ ناسا اور اسپیس ایکس مل کر معروف امریکی ادارہ ٹام کروز کو خلا میں بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن روس نے امریکی اداروں کے پروجیکٹ سے قبل ہی اپنی ٹیم کو آج (منگل) کے دن روانہ کرنے کا پلان بنایا ہے۔ اگرچہ ٹام کروز کی خلا میں فلم کا اعلان 2020ء میں کیا گیا تھا لیکن اس کی ریلیز کی تاریخ کا ا علان نہیں کیا گیا تھا۔