بلوچستان میں شدید زلزلہ، 20 افراد جاں بحق، 300 زخمی

October 07, 2021


کوئٹہ، سبی، ہرنائی سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں رات گئے شدید زلزلے کے باعث 20 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ ہرنائی اور شاہرگ میں 70 سے زائد مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 اور گہرائی 15 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز ہرنائی کے قریب تھا۔ آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔

مختلف علاقوں میں کئی افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہوئے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔

ڈپٹی کمشنر ہرنائی نے جیو نیوز کو بتایا کہ سرکاری عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، لیویز اور ریسکیو ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ ہرنائی میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث موبائل فونز کی روشنی میں زخمیوں کا علاج کیا گیا۔