نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس، مراد علی شاہ پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

October 07, 2021


وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس پر فرد جرم آج بھی عائد نہ ہوسکی، عدالت نے تمام ملزمان کو یکم نومبر کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

احتساب عدالت نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس پر سماعت کی، سماعت کے دوران جج نے سوال کیا کہ آج تو فرد جرم عائد ہونی تھی، اس کا کیا کریں۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شریک ملزم سلطان فاروق کورونا کا شکار ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکا، وہ 70 سال کا بزرگ ہے اس لیے جہاز میں بھی نہیں بیٹھنے دیتے۔

ملزم کے وکیل کا مزید کہنا تھا کہ نیا نیب آرڈیننس بھی آ گیا ہے، اس کا بھی جائزہ لینا ہے۔

احتساب عدالت نے ملزم سلطان فاروق کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس کی سماعت یکم نومبر تک ملتوی کر دی۔