اسلام آباد میں مزید 78 شہری ڈینگی سے متاثر

October 11, 2021


اسلام آباد میں 24 گھنٹوں میں مزید 78 شہری ڈینگی سے متاثر ہوگئے، دیہی علاقوں میں 46 اور شہری علاقوں میں 32 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

ڈی ایچ او زعیم ضیاء کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں اس وقت کُل 1229 افراد ڈینگی میں مبتلا ہیں، اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں میں ڈینگی شدت اختیار کر رہا ہے، اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 817 اور شہری علاقوں میں 412 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب کے مطابق 24 گھنٹوں میں پنجاب سے ڈینگی کے 169 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، گزشتہ روز لاہور سے ڈینگی کے 124 مریض رپورٹ ہوئے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ راولپنڈی سے 26 اور سرگودھا سے ڈینگی کے 3 مریض رپورٹ ہوئے، رواں سال پنجاب بھر سے اب تک ڈینگی کے 3975 کنفرم کیسز سامنے آئے ہیں۔

ڈینگی کے مریضوں کیلئے ایکسپو سینٹر میں 280 بیڈز پر مشتمل فیلڈ اسپتال فعال کر دیا گیا ہے ، وہاں پر جناح، سروسز اور میو اسپتال کا عملہ ڈیوٹی انجام دے گا ۔

صوبہ بھر کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 428 مریض داخل ہیں، لاہور کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 238 مریض داخل ہیں، لاہور کے علاوہ صوبہ بھر کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 190 مریض داخل ہیں۔