وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کورونا کے پھیلاؤ میں کمی آئی ہے تاہم پنجاب میں ڈینگی نے سر اٹھا لیا ہے اور اب تک 700 سے زائد مریض سامنے آچکے ہیں، لاہور میں سب سے زیادہ ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔
فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر صحت یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومت میں صحت کے شعبے میں 50 فیصد اسامیوں پر تعیناتیاں نہیں ہوتی تھیں۔ حکومت نے اسپتالوں کو وافر بجٹ فراہم کیا ہے۔
یاسمین راشد نے کہا کہ فیصل آباد کے ٹیچنگ اسپتالوں کیلئے 9 ارب روپے کا بجٹ منظور کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سوا کروڑ آبادی کو کورونا ویکسین لگ چکی ہے اور دسمبر تک 70 فیصد آبادی کو ویکسین لگ چکی ہوگی۔
وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ نئے ہیلتھ کارڈ کی گنجائش 7 سے بڑھا کر 10 لاکھ کردی گئی ہے تاہم شناختی کارڈ کے بغیر ہیلتھ کارڈ نہیں بنے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں ڈینگی کے 623 مریض سامنے آ چکے ہیں، ڈینگی سے بچاؤ کے پیشگی اقدامات نہ کرتے تو مرض 10 گنا مزید بڑھ چکا ہوتا۔