ملک پرویز کی وفات کا سن کر شدید دھچکا لگا، مریم نواز

October 11, 2021

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ انہیں نون لیگ لاہور کے صدر پرویز ملک کے انتقال کی خبر سُن کر شدید دھچکا لگا ہے۔

انہوں نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ شفیق اور بے داغ انسان ملک پرویز کی وفات کا سن کر شدید دھچکا لگا۔

مریم نواز نے کہا کہ ملک پرویز مسلم لیگ ن کا اثاثہ اور قائد نواز شریف کےدیرینہ اور باوفا ساتھی تھے۔

انہوں نے کہا کہ میری دعائیں اور دلی جذبات شائستہ پرویز ، علی پرویز اور تمام اہل خانہ کے ساتھ ہیں ۔اللّٰہ ان کی آخری منزلیں آسان فرمائے اور جوار رحمت میں جگہ دے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ ملک پرویزصاحب کی وفات پر میں، محمد شہباز شریف،ہمارا تمام خاندان اورمسلم لیگ ن کا ہر کارکن سوگوارہے۔

نواز شریف نے کہا کہ مرحوم میرے دیرینہ اور باوفا ساتھی تھے اورمسلم لیگ کےساتھ انکی وابستگی بےمثال تھی۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ نون لاہور کے صدر پرویز ملک انتقال کرگئے۔

لاہور میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ لیگی رہنما پرویز ملک کا انتقال دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا، انہیں اکرم میڈیکل کمپلیکس لایا گیا تھا۔