لندن میں منعقدہ جنید صفدر کے نکاح کی تقریب میں مریم نواز نے بیٹے سے ویڈیو کال پر بات کی، جنید صفدر کی والدہ سے فیس ٹائم کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
مریم نواز بیٹے سے بات کرتے ہوئے اس کی خوشی میں عدم شرکت کے باعث آبدیدہ ہوگئیں۔
جنید صفدر کے نکاح کی تقریب کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پوسٹس شیئر کرنے والے اظہر چوہدری نے مریم نواز کے دورانِ ویڈیو کال جذباتی ہونے کی ایک تصویر بھی شیئر کی۔
یاد رہے کہ شادی کی خوشی میں جاتی امراء رائے ونڈ میں بھی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا، مریم نواز، انکی بیٹی مہرالنساء، شہباز شریف ، حمزہ شہباز اور دوسرے شرکاء نے لندن کی تقریب میں ورچوئل شرکت کی۔
مریم نواز سے ویڈیو کال پر بات کرتے ہوئے جنید صفدر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’جنید صفدر والدہ مریم نواز سے بات کرتے ہوئے۔‘
اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی لندن میں نکاح کی تقریب کے بعد ایک کیک جاتی امراء بھجوایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ انسٹاگرام پر جنید صفدر کے نکاح کی تقریب کی پوسٹس شیئر کرنے والا اکاؤنٹ جنید صفدر کے ایک مداح اظہر چوہدری کی جانب سے مینیج کیا جاتا ہے، صارف کا بتانا ہے کہ جنید صفدر کے نکاح کی تقریب سے متعلق تمام تر تصاویر و ویڈیوز اجازت سے شیئر کی جارہی ہیں۔